ہوناور 12 جولائی (ایس او نیوز) کرایہ کے مکان پر رہنے والے دو بھائیوں کے درمیان کام کاج کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کا ہی قتل کردیا اور اسے گھر کے اندر ہی رکھ کر گھر کے دروازے کو لاک کرکے فرار ہوگیا۔ واردات اتوار شام کو ہوناور تعلقہ کے چرچ روڈ کے پیچھے واقع مکان میں پیش آئی ۔
مرنے والے کی شناخت ارجن شنکر میستا (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ مبینہ قاتل بھائی کی شناخت کرشنا شنکر میستا (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بڑا بھائی کرشنا کوئی کام کاج نہیں کرتا تھا، جس پر چھوٹے بھائی نے اُسے کچھ کام کاج کرنے کی صلاح دے ڈالی، اسی بات پر ناراض بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو ٹھکانے لگادیا۔ پتہ چلا ہے کہ ماں کی شکایت پر ہوناور پولس نے ملزم شنکر کو گرفتار کرلیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ان کی ماں تارا شنکر میستا ایک ہوٹل میں ملازمت کرتی ہے، اتوار شام کو جب ماں گھر لوٹی تو گھر پر تالہ لگا ہوا تھا، ماں نے رات نو بجے تک انتظار کیا کہ بیٹا واپس آئے گا، مگر جب نہیں لوٹا تو اس نے اپنے مالک کے موبائل کی مدد سے بیٹے کرشنا کو فون کیا، کرشنا نے بتایا کہ ارجن گھر کو تالہ لگاکر کیرالہ چلا گیا ہے، اس لئے وہ نانی کے گھر جاکر آرام کرے۔
بیٹے کی بات پر شک کرتے ہوئے ماں نے پڑوسیوں کی مدد سے گھرکا تالہ توڑا اور اندر داخل ہوئی تو ارجن کی نعش گھر کے اندر سے برآمد ہوئی۔
ہوناور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔